کراچی (این این آئی) حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ غیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے نتیجے میں غیرملکی سرمایہ کاری تیزی سے بڑھتی جارہی ہے۔رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 18 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی۔ادھر اکتوبر میں
جاری کھاتہ 9کروڑ 90لاکھ ڈالر سرپلس رہا۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمارسے ظاہر ہوتا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار ایک بار پھر پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہیں۔ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ حکومتی تمسکات میں بھی سرمایہ کاری آرہی ہے۔ رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 18 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی،براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 65 کروڑ ڈالر رہی،حکومتی تمسکات میں 43 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 4ماہ میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری منفی 7 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ گزشتہ ماہ مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 21 کروڑ 58 لاکھ ڈالر رہی جبکہ 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ اس دوران حکومتی تمسکات میں 11 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری آئی۔دوسری جانب اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں جاری کھاتہ 9کروڑ 90لاکھ ڈالر سرپلس رہا،اس کے ساتھ ہی جولائی تا اکتوبر کا بیرونی خسارہ بھی 4ارب ڈالر تک کم ہوگیا ہے۔ گزشتہ مالی سال بے پناہ درآمدات کی وجہ سے بیرونی خسارے کو 5ارب 56کروڑ ڈالر خسارے کا سامنا تھا جو رواں مالی سال ایک ارب 47کروڑ ڈالر تک محدود ہوگیا ہے۔ اکتوبر 2018کے مقابلے میں اکتوبر 2019کا تجارتی خسارہ ایک ارب 26کروڑ 60لاکھ ڈالر کم رہا۔ گزشتہ ماہ اشیا و خدمات کی تجارت کا مجموعی خسارہ بھی دوارب 97کروڑ ڈالر کے مقابلے میں ایک ارب 58 کروڑ ڈالر رہا۔ پہلے چار ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 4ارب 62کروڑ ڈالر کی کمی سے 6ارب 43کروڑ ڈالر رہا،خسارے میں کمی لانے کیلئے درآمدات کو محدود رکھنے کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ اس دوران درآمدات کی مالیت 4ارب 36کروڑ ڈالر کم رہی۔ رواں مالی سال برآمدات 3.35 فیصداضافے سے 8ارب 22کروڑ ڈالر رہی۔