کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے عوام کی سہولت کے پیش نظر منڈی کی قیمت پر ٹماٹر بیچنے کے لئے اسٹال قائم کردیا۔ ارسلان تاج کی جانب سے پی ایس 102کے علاقے بسیرا چوک پر قائم اسٹال پرپورے دن عوام کا سستے داموں ٹماٹر خریدنے کے لئے رش رہا۔
اس موقع پر رکن سند ھ اسمبلی ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، کمشنر کراچی اور پرائز کنٹرول ٹیم کی نا اہلی کے باعث عوام دگنے داموں پر اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔ جو ٹماٹر منڈی میں 180روپے کلو مل رہا ہے وہی ہمارے رہائشی علاقوں میں 350روپے تک بیچا جارہا ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ پر پورے شہر میں کہیں عمل در آمد نہیں ہورہا۔پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت شہر میں مہنگائی کا طورفان کھڑا کر کے سارا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے۔ ہمارا اسٹال لگانے کا مقصد حکومت سندھ اور کمشنر کراچی کو پیغام دینا تھا کہ جب تحریک انصاف کے جانب سے منڈی کی قیمت پر ٹماٹر دیئے جا سکتے ہیں تو سندھ حکومت اور کمشنر کراچی کیوں خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ارسلان تاج نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی کارکرگی ہر شعبے میں صفر ہے۔انہوں نے پہلے عوام سے صحت و صفائی کی سہولیات چھینی، پھر شہریوں کو پانی کی بوند بوند کے لئے ترسایا اور اب ان کے منہ سے نوالہ بھی چھیننا چاہتے ہیں۔