اسلام آباد (این این آئی) جے یو آئی راولپنڈی و اسلام آباد نے ایک دن چھوڑ کر ایک دن احتجاج کا اعلان کردیا۔ اتوار کوجے یو آئی کے پلان بی پر راولپنڈی و اسلام آباد کی چونگی نمبر چھ موٹروے چوک پر چوتھے روز بھی ظہر سے مغرب تک دھرنا دیا گیا
اس دوران پشاور سے راولپنڈی و اسلام آباد آنے اور جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا شدید رش کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی قطاریں لگ گئیں،لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،لوگوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے جے یو آئی راولپنڈی و اسلام آباد کی قیادت نے فیصلہ کیا کہ آئندہ سے ایک دن چھوڑ کر ایک دھرنا دیا جایا کریگا۔ امیر جے یو آئی اسلام آباد مولانا عبدالمجید ہزاروی نے کہا کہ عمران خان استعفیٰ دیں اور عوام کو مشکلات سے نکالیں،عمران خان تم نے دو چھٹیاں کی ہیں ہم ایک چھٹی کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری اس تحریک سے یہ حکومت کمزور ہو گئی ہے صرف ایک دھکا اور دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم قائد جمعیت کے حکم پر تاحکم ثانی یہ لاک ڈاؤن جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیر کو ضلعی قائدین کے اپنے اضلاع میں اجلاس ہے اس وجہ سے پیر کو دھرنا نہیں ہوگا، منگل کو دن رات بجے حسبِ معمول یہاں پر لاک ڈاؤن ہو گا۔