اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کرکے توہین عدالت کررہے ہیں،وزراء نے اپنی پریس کانفرنس میں پیغام دیاہے کہ حکومت کو عدالت کا فیصلہ قبول نہیں۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کی دعاؤں کے سائے میں منگل کونواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے الوداع کہیں گے، حکومت نواز شریف، شہباز شریف سے حسدکے بجائے عوام کی خدمت پرتوجہ دے اور کابینہ غورکرے الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ چوری کے کیس میں جواب کیادینا ہے؟ اللہ نے حکمرانوں کے ہاتھ میں کسی کیلئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟ اعلی عدلیہ نے سزامعطلی کے فیصلہ میں تحریرکیا بادی النظرمیں نواز شریف کی سزاغلط ہے،تمام مقدمات میں نواز شریف کی سزا عدالت معطل کرچکی ہے، وزراء نے پریس کانفرنس میں پیغام دیاکہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں،حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر کے توہین عدالت کر رہے ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ان شااللہ نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر شانداراستقبال کرینگے۔