کراچی(اے ایف بی)لینڈ گریبر آدم جوکھیو سے نیب ٹیم کی تحقیقات میں اہم انکشافات ہوئے ہیں، پلاٹوں کے نام پر فراڈ کے ملزم آدم جوکھیو کے خلاف ایک اور انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب کراچی نے آدم جوکھیو کے خلاف دوسری انکوائری کی منظوری دے دی ہے۔
لینڈ گریبر سے نیب ٹیم کی تحقیقات میں اہم انکشافات کے بعد مزید انکوائری شروع کی جا رہی ہے۔ذرایع کا کہنا ہے کہ ملزم نے جعل سازی اور جعلی الاٹمنٹ سے ملیر میں 25 ایکڑ زمین منتقل کرائی، سابق ڈی سی ملیر محمد علی شاہ اور یوسفی نامی بلڈر جعل سازی کے اہم کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں، نیب نے دونوں افراد کو شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 11 سو الاٹیز سے پیسے لے کر آدم جوکھیو فرار ہو گیا تھا، ملزم نے سرکاری زمین جعل سازی کرتے ہوئے فروخت کر کے ساڑھے 3 ارب کا چونا لگایا، نیب ملزم سے 1100 الاٹیز سے پیسے وصول کرنے کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔نیب ذرایع سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم آدم جوکھیو سرکاری زمین کے نام پر عوام سے فراڈ کر رہا تھا، ملزم اہم شخصیات کے فرنٹ مین کے طور پر بھی کام کرتا رہا۔ خیال رہے کہ آدم جوکھیو جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہے۔