جیکب آباد(این این آئی) جے یو آئی کا چوتھے روز بھی سندھ بلوچستان کے بارڈر پر دھرنا جاری رہا دھرنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جے یو آئی کی جانب سے چوتھے روز بھی سندھ بلوچستان کو ملانے والے بارڈر زیرو پوائنٹ پر دھرنا جاری رہا کارکنان کی بڑی تعداد دھرنے والی جگہ پر موجود تھی،
دھرنے میں شامل کارکنان نے حکمرانوں کے خلاف فلک شگاف نعریبازی کی، جے یو آئی کے دھرنے کے باعث بلوچستان سے آنے والی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی، اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی نائب امیر سید سراج احمد شاہ امروٹی، ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلع شکارپور کے امیر مولانا عبداللہ پہوڑ، مولانا عبداللہ مہر، مولانا محمد طیب میکھو، مولانا سلیم اللہ بروہی، حافظ عباس نوناری، مولانا عبدالقادر بنگلانی، حماد اللہ انصاری، حافظ محمد رمضان سومرو، اسد اللہ حیدری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز حکومت کا خاتمہ ہماری تحریک کا مقصد ہے، ہماری تحریک نے حکومت کی جڑیں کمزور کردی ہیں آزادی مارچ کے بعد بی پلان حکومت سے نجات کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن جدوجہد نے ثابت کردیا کہ جے یو آئی پرامن اور جمہوریت پسند جماعت ہے، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو سمیت دیگر رہنماؤں پر مقدمات درج کرنا قابل مذمت ہے فلفور مقدمات ختم کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ جیکب آباد میں جے یو آئی کی جانب سے چوتھے روز بھی سندھ بلوچستان کو ملانے والے بارڈر زیرو پوائنٹ پر دھرنا جاری رہا