اسلام آباد (این این آئی) رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں ملک کا تجارتی خسارہ 11ارب سے کم ہوکر سات ارب تک رہ گیا۔پاکستان بیورو آف شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی معیشت سنبھلنے لگی ہے، رواں سال کے پہلے چار مہینوں میں ملک کے تجارتی خسارے میں 34 فیصد کمی ہوئی ہے۔گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران تجارتی خسارہ گیارہ ارب ڈالر تھا جو اب کم ہوکر سات ارب ڈالر تک رہ گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، چار مہینوں میں 71 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی
سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق درآمدات سے متعلق حکومتی اصلاحی اقدامات کے نتیجے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور دباؤ میں تنزلی سے رواں مالی سال میں تجارتی خسارہ کم ہونے کا رجحان رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ اکتوبر میں 29.43 فیصد کمی کے ساتھ 2 ارب ڈالر پر رہا جو گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں دو ارب 90 کروڑ ڈالر تھا۔نومبر کے ابتدائی 13 روز میں برطانیہ سے 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اور امریکہ سے 39 کروڑ 8لاکھ ٹریژری بلز کی سرمایہ کاری ہوئی۔