اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا جس میں انہوں نے جلسہ ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے تمام حزب اختلاف کی جماعتوں سے مشاورت کا کہا۔
ان کے مطابق دیگر جماعتوں سے مشاورت کے بعد جے یو آئی (ف)کے سربراہ نے جلسہ ملتوی کرنے پر اتفاق کیا۔اس سے قبل مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اعلان کیا تھا کہ تیز گام ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کے باعث اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق اسلام آباد میں آزادی مارچ کا جلسہ اب جمعے کو ہوگا۔ادھر پارٹی کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کارکنان اسلام آباد میں ہی قیام کریں اور جمعہ کو جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔احسن اقبال نے کہا کہ ٹرین کے اندوہناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر جلسہموخرکیا گیا، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ جلسہ منسوخی کی بات مسلم لیگ (ن) کا پروپیگنڈہ ہے، (ن) لیگ بے شک نہ آئے جلسہ آج ہی ہوگا۔عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے مریم اورنگزیب کے بیان پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بڑے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسفند یار ولی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جلسہ منسوخی کی بات (ن) لیگ کا پروپیگنڈا ہے، (ن) لیگ بے شک نہ آئے، جلسہ آج ہی ہوگا اور اسفند یار ولی آج ہی جلسے سے خطاب کریں گے۔ شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا جس میں انہوں نے جلسہ ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی۔