اسلام آباد(آن لائن)اپوزیشن کے آزادی مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں پرائیویٹ اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں آزادی مارچ کے پیش نظر پرائیویٹ اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے آزادی مارچ کی وجہ سے بچوں کی حفاظت کے پیش نظر نجی اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایسوسی ایشن حکام کے مطابق اسکولز دوبارہ کب کھولے جائیں گے اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کل شام صورتحال دیکھ کر اسکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اپوزیشن کا آزادی مارچ کراچی اور ملتان سے ہوتا ہوا لاہور پہنچ گیا ہے ۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے اعلان کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے دوران صوبے کا کوئی سرکاری اسکول بند نہیں ہوگا۔ مشیر تعلیم ضیااللہ بنگش کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے لیے ادارے موجود ہیں۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اسکول کھلے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے خلاف آزادی مارچ کرنے والوں کو حکومت اجازت دے چکی ہے۔ واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف کراچی سے آزادی مارچ کا آغاز کیا تھا۔