اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت منظور ہونے پر اپنے رد عمل میں شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی ضمانت پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ نوازشریف پاکستان کی خدمت اور ترقی کی علامت ہیں، نواز شریف پاکستان اور قوم کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں،
یہی دعا ہے کہ ان کی صحت خطرے سے باہر آجائے۔خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی منگل تک کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور کی ہے، منگل کے روز ضمانت کی درخواست پر حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ نواز شریف کی درخواست ضمانت کی نیب کی جانب سے مخالفت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے انہیں عبوری ضمانت دی ہے۔العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھرپور جشن منایا گیا، کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگائے اور جیل روڈ کو بھی ٹریفک کے لئے بند کر دیا، مسلم لیگ (ن)کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ضمانت منظور ہونے پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں،نواز شریف کا علاج اندرون ملک یا بیرون ملک ہونا ہے اس کا فیصلہ شریف خاندان نے خود کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ سے العزیزہ کیس میں نواز شریف کی عبوری ضمانت کی خبر ملتے ہی سروسز ہسپتال کے باہر جمع ہونے والے کارکنوں نے جشن منانا شروع کردیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔کارکنوں نے نعرے لگاتے ہوئے جیل روڈ پر آ گئے جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے پر اللہ تعالی
کے شکر گزار ہیں، نواز شریف کا علاج جاری ہے،علاج سے پلیٹ لیٹس کی تعداد بڑھ رہی ہے لیکن اچانک پلیٹ لیٹس کم ہو جاتے ہیں جس کی تشخیص ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو گزشتہ روز معمولی ہارٹ اٹیک بھی ہوا ہوا ہے، عدالت میں نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس پیش کی گئی تھیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کا علاج کہاں ہونا ہے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کی اور یہ فیصلہ شریف خاندان نے خود کرنا ہے۔