کراچی(این این آئی)مہنگائی میں اضافے کا تسلسل جاری ہے ، گزشتہ ہفتے کے دوران کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی27بنیادی اشیا مزید مہنگی ہو گئیں جبکہ ہفتہ واربنیادوں پر مہنگائی کی اوسطاًشرح17فیصد سے تجاوز کر گئی۔
گزشتہ سال یہ شرح 6.5 فیصد تھی۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر کے دوسرے ہفتے کے دوران مارکیٹ میں ٹماٹر، آلو، پیاز، لہسن، آٹے، چاول، گھی، چکن،انڈوں، تازہ دودھ، دہی، دالوں کی قیمت میں45فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بجلی، ایل پی جی، جلانے والی لکڑی اور صابن بھی مہنگا ہو گیا۔رپورٹ کے مطابق مسلسل مہنگائی کے باعث مارکیٹ میں کھانے پینے اور روز مرہ استعمال کی51بنیادی اشیاء میں سے44اشیاء گزشتہ سال کے مقابلے میں 125 فیصد تک مہنگی ہو چکی ہیں۔سرکاری رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران لہسن کی اوسط قیمت گزشتہ سال سے 135 روپے زیادہ ہو کر259 روپے فی کلو رہی، پیاز کی فی کلو قیمت 43 روپے کے اضافے سے 77 روپے، دال ماش کی 47 روپے کے اضافے سے 185 روپے، دال مونگ کی 61 روپے کے اضافے سے 175 روپے اور چینی کی فی کلو اوسط قیمت 20 روپے کے اضافے سے 74 روپے ہو گئی، کھلا گھی 39 روپے مہنگا ہو کر 210 روپے فی کلو، مٹن 91 روپے مہنگا ہو کے 883 روپے فی کلو اور گڑ 30 روپے مہنگا ہو 114 روپے فی کلو ہو گیا۔