جہلم( آن لائن )جہلم میں ایک سفاک شخص نے اپنی 6 سالہ معصوم بچی کے قتل کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ مشین محلہ میں دو روز قبل باپ کے ہاتھوں بیٹی کے قتل کا دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں ملزم شبیر حیدرنے بیوی سے بات نہ ماننے کا غصہ بیٹی پر اتار دیا۔
ملزم نے بچی کو گھر میں قتل کیا اور پھر لاش گلی میں لے آیا ۔ملزم نے بیٹی کے قتل کو ڈرامائی رنگ دینے کی کوشش کی اور پولیس کو بتایا کہ تین نامعلوم افراد نے ڈکیتی کے دوران 6 سالہ حجاب فاطمہ کے گلے پر تیز دھارے سے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ جان سے ہاتھ دھوبیٹھی ۔ پولیس نے کہا کہ ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی تو وقوعہ پر ملزم کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کے پہلے بیان پر ہی شک ہوگیا تھا کہ یہ شخص جھوٹ بول رہا ہے ۔پولیس نے تفتیش اورسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش بیٹی کو گلا دبا کرقتل کرنے کا اعتراف کرلیا ۔ ملزم کا کہنا تھا کہ بیوی نے بات نہیں مانی جس پر اس نے بیٹی کو قتل کردیا ۔ ملزم نے بتایا کہ میری اہلیہ زیارات پر جا رہی تھی تو بچی نے عین موقع پر والدہ کو منع کیا اور کہا کہ ماما آپ نہ جائیں۔ میری اہلیہ نے اس کی بات نہیں سنی اور کہا کہ میں نے اب جانا ہے۔مجھے میری بچی بہت پیاری تھی ۔ سوا چھ سال کے دوران میں نے آج تک اپنی بیٹی کو ڈانٹا تک نہیں۔ ملزم نے کہا کہ میں نے اس لیے اپنی بچی کو مارا کیونکہ اس کی والدہ اس کی ایک بات تک نہیں مان سکی تھی۔ سفاک باپ نے بتایا کہ میں نے گلا دبا کر اور چہرے پر شاپر رکھ کر اپنی بیٹی کو قتل کیا۔ جس وقت میں نے اپنی بیٹی کا قتل کیا اس وقت میری اہلیہ میرے بھائی کے گھر گئی ہوئی تھی اور اس وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا۔