ایمسٹر ڈیم (این این آئی)ہالینڈ نے شمال مشرقی شام میں ترکی کے حملے کے بعد انقرہ کو اسلحے کی کسی بھی نئی کھیپ کی برآمد کی معطل کر دی ہے۔ ہالینڈ کی وزارت خارجہ کے مطابق ہالینڈ نے شام میں انسانی حقوق کی صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے ترکی کو فوجی سازو سامان کی برآمد کے لیے تمام درخواستوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نائب وزیر اعظم ہیوگو ڈی جونگے نے ہفتہ کے روز ہونے والے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب
کرتے ہوئے کہا ہم یورپی یونین کے دیگر ممبر ممالک سے بھی ایسا ہی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ڈچ عہدیدار نے مزید کہا کہ ہمیں اس آپریشن کے ممکنہ انسانی نقصانات پر بہت تشویش ہے۔ شام میں ترک فوجی کارروائی سے ‘داعش’ کے خلاف جنگ کے ثمرات ضائع ہوسکتے ہیں اور یہ تنظیم پھر سے سر اٹھا سکتی ہے۔یورپی یونین کے وزرائے خارجہ پیر کے روز شام میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ہالینڈ کے وزیر خارجہ اسٹیو بلاک نے اپنا بھارت کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا ہے۔