اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف احتجاج تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم خورشید شاہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔ نیب کا کالا قانون سیاسی انجینئرنگ کے لیے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو ڈیڈ لائن دے دی ہے اور اب ہم ملک میں بڑھتی مہنگائی اور عوامی مسائل کو سامنے رکھ کر ملک بھر میں احتجاج کریں گے جن کی تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نیب آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے جس نے فریال تالپور کو بھی غیر آئینی طریقے سے گرفتار کیا۔ حزب اختلاف کے لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کے کٹھ پتلی وزیر اعظم ہونے کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ عمران خان کو ہمیں آپس میں لڑانے کے بجائے ہمیں ایک بن کر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ جب کشمیر پر ایک اہم موقع آ رہا ہے تو نیب کو استعمال کرکے سیاسی بدلے لیے جارہے ہیں اور کشمیر پر ناکامی کی وجہ سے گرفتاریاں کر کے عوام کی توجہ ہٹائی جارہی ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ ایک نالائق اور نااہل حکومت ہے۔ یہ اگر اپنے ملک کی قیادت نہیں کرسکتے تو کشمیر پر کچھ بھی نہیں کرسکتے۔ اپنے ہی ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔