انقرہ (این این آئی)ترکی کی غیر سرکاری تنظیموں کے ارکان نے دارلحکومت انقرہ میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے جمع ہو کر کشمیریوں کے حق میں مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے۔
جن پر ’’کشمیری آزادی چاہتے ہیں‘‘ اور ’’کشمیریوں کو اپنے مستقل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ ’’ ایناتولین یوتھ ایسوسی ایشن ‘‘نامی تنظیم کے چیئرمین Ahmet Sanverنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرپر بھارت نے قبضہ کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارت نے نہیں بلکہ کشمیریوں نے خود کرنا ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ نے قراردادیں بھی پاس کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے ناقابل قبول اقدامات اور فیصلوں کی وجہ سے خطے میں جنگ کا امکان پید ا ہو چکا ہے۔ دریں اثنا ترکی کی مختلف این جی اوز نے ایک بیان میں کشمیر پر ایک بڑی جنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بیان میں مذاکراتی راستے کھلے رکھنے پر زور دیتے ہوئے بھارت اور پاکستان سے کہا گیا کہ وہ جنگ سے گریز کریں ۔ بیان میں مزید کہاگیا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ ترکی کے شہر استنبول میں قائم بھارتی کونسل خانے کے سامنے بھی اسی طرح کا ایک مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے لہرائے اور کشمیر کی آزادی کے نعرے لگائے۔