اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ نا صرف پاکستان اور بھارت بلکہ پورے خطہ میں امن کی علامت ہے۔ ایک بیا ن میں فیصل واوڈا نے کہاکہ اگر بھارت نے معاہدہ سندھ طاس کی خلاف ورزی کی تو معاہدہ کے ہی مطابق پاکستان کو مکمل انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے معاہدہ سندھ طاس پر مکمل توجہ مرکوز کی ہے اور ہم ہر آپشن پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا
کہ معاہدہ سندھ طاس کے آرٹیکل 12 کے مطابق کوئی بھی ملک اپنی مرضی سے معاہدہ سندھ طاس ختم نہیں کر سکتا۔ یہ صرف دونوں ملکوں کی باہمی رضامندی سے ختم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو معاہدہ سندھ طاس کے مطابق پاکستان کو سیلابوں سے پیشگی آگاہ کرنا تھا لیکن انہوں نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنے معاہدہ سندھ طاس کمشنر کے ذریعے بھارتی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔