لاہور( آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد حکومت نمائندوں نے پروٹوکول کا خاتمہ کرنے اور عام عوام کی طرح قوانین کی پاسداری کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر کسی حد تک عمل بھی ہوا لیکن کچھ حکومتی نمائندوں نے ان دعوئوں کے برعکس کام بھی کیا جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یہ بات تو حکومتی نمائندوں کی تھی تاہم اب سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے ائیرپورٹ پر پاسپورٹ کنٹرول سے اندر جاتے ہوئے دیکھا گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ائیرپورٹ پر قطار لگی ہے جس میں مسافر اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان ائیرپورٹ آئیں اور قطار میں اپنی باری کا انتظار کیے بغیر پاسپورٹ کنٹرول سے بغیر کسی رکاوٹ کے اندر چلی گئیں جبکہ کافی دیر سے قطار میں لگے مسافر علیمہ خان اور ائیرپورٹ انتظامیہ کا منہ تکتے رہ گئے۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے بھی علیمہ خان کے اس پروٹوکول پر اعتراض اْٹھایا اور کہا کہ نہ تو علیمہ خان حکومت کا حصہ ہیں اور نہ ہی علیمہ خان کے پاس کوئی عہدہ ہے جس کو جواز بنا کر انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے قطار کے بغیر ہی اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں تو اکثر وزرا اور یہاں تک کہ صدر مملکت کو بھی قطار میں لگتے دیکھا گیا تو پھر علیمہ خان ایک عام شہری ہوتے ہوئے بھی کس طرح اندر چلی گئیں۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی ایک صحافی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیا کوئی جانتا ہے کہ یہ خاتون کیسے قطار میں لگے بغیر ہی اندر روانہ ہو گئ۔