اسلام آباد ( آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا کو بھارت کے اقدام کا اندازہ نہیں تھا جس کے باعث عالمی طاقتیں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا اس وقت ساری صورتحال پر غور کر رہی ہے، خیال نہیں تھا کہ بھارت کے اندر سے یہ رد عمل آئے گا۔ اس معاملے پر بھارت کے اندر اپوزیشن نے شدید رد عمل دیا ہے اور اس فیصلے کو انڈیا کیلئے سیاہ دن قرار دیا ہے۔
انڈین سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کردی گئی ہے، کشمیری قیادت نے بھی مکمل طور پر اس کو مسترد کردیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں ایک نئی ڈویلپمنٹ سامنے آئی ہے، اس پر اقوام متحدہ کی قرار دادیں واضح ہیں لیکن 1972 کے شملہ معاہدے میں ہم نے یہ کہا تھا کہ ہم دو طرفہ طور پر مسائل حل کریں گے۔ بھارت نے یکطرفہ طور پر شملہ معاہدے کو دفن کردیا۔