اسلام آباد(این این آئی)سپریم کورٹ میں جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کی انکوائری کیلئے چوتھی درخواست کی سماعت یکم اگست کو ان چیمبر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق درخواست گزار ملک وقار احمد کی درخواست پر دفتر نے اعتراض لگائے تھے،اعتراضات کے خلاف چیمبر اپیل دائر کی گئی تھی،درخواست ملک وقار احمد نامی شہری نے ایڈووکیٹ محمد زبیر کی وساطت سے دائر کی تھی،درخواست میں مریم نواز، شاہد خاقان عباسی
،شہباز شریف،پیمرا اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ویڈیو اسکینڈل کا معاملہ عدلیہ کی ساکھ کا ہے، ویڈیو سے عدلیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاملہ کی انکوائری کراکے ذمہ دران کو سزا دی جائے۔ رپورٹ کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال ان چیمبر سماعت کریں گے،درخواست گزار نے وڈیو لیک کیس میں پارٹی بننے کی استدعا کی ہے۔