واشنگٹن (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک سے معروف رپبلکن رہنما ، سابقہ ممبر کانگریس اور امریکہ میں صف اول کی لابنگ فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے نمائندہ ،ٹام ریلنڈز سے ملاقات کی ۔یہ ملاقات واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی ،
اس موقع پر امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور لابنگ فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے مابین معاہدہ پر دستخط کیے گئے۔یہ لابنگ فرم ،امریکہ کے سیاسی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور پاک امریکہ تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کریگی۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم میں وسیع انتظامی تجربہ کے حامل ماہرین اور بالخصوص ٹام رینلڈ جیسے وسیع تجربہ کے حامل سابق ممبر کانگریس کی موجودگی انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مجھے قوی امید ہے کہ ہالینڈ اینڈ نائٹ فرم پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی بھرپور معاونت کرے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ٹام رینلڈ نے ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم پر اعتماد کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انکی فرم باہمی دلچسپی اور احترام پر مبنی دو طرفہ پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے، پاکستانی سفارت خانے کو ہر ممکن معاونت فراہم کریگی۔