ممبئی (این این آئی) کنگنا رناوت اورمیڈیا کی لڑائی میں اکشے کمار ثالث بن کر میدان میں آگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں کنگنا رناوت اور میڈیا نمائندگان کے درمیان ہو نے والے تنازع پراکشے کمار نے ایک کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور اداکار کے درمیان بہت گہرا رشتہ ہوتا ہے، یہ رشتہ میاں بیوی جیسا ہوتا ہے جہاں تھوڑی بہت نوک جھونک بھی ہوتی ہے۔اکشے کمار نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ان غلط فہمیوں
کو باہمی تعاون سے جلد ختم ہو جانا چاہئے کیوں کہ ہمیں آپ لوگوں کی ضرورت ہے وہ اس لئے کہ جو باتیں ہم دوسروں تک پہنچانا چاہتے ہیں وہ میڈیا کے ذریعے ہی پہنچائی جاتی ہے اور اسی طرح میڈیا کو ہماری ضرورت ہوتی ہے۔واضح رہے کہ رواں ماہ فلم ’ جج مینٹل ہے کیا‘ کی تشہیر کے حوالے سے پریس کانفرنس میں فلم کی اداکارہ کنگنا رناوت اور ایک صحافی کے درمیان تکرار ہو گئی تھی جس کے بعد میڈیا کے ایک گروپ اور کنگنا رناوت نے ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری شروع کردی تھی۔