لاہور(این این آئی) معروف گلوکار علی عظمت نے بائیک کے ذریعے یورپ کے سفر کا اعلان کردیا۔راک اور صوفی گلوکاری کی وجہ سے دنیا میں اپنا لوہا منوانے کے بعد علی عظمت نے اب ایک منفرد سفر کا فیصلہ کیا ہے۔ اْن کا یہ سفر گلوکاری سے وابستہ نہیں بلکہ برِاعظم یورپ ہے جہاں پر وہ کئی ممالک کا سفر بائیک پر طے کریں گے۔علی عظمت نے فیس بک پر ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں سے نئے سفر کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر سال نئی نئی باتیں شیئر کرتا ہوں لیکن اس سال اب ایک نئے ایڈوینچر کا وقت آگیا ہے، میں بائیک پر یورپ کے سفر پر جا رہا ہوں جو انگلینڈ سے شروع ہوگا ۔
اور فرانس سے ہوتے ہوئے دیگر تمام ممالک تک جائے گا۔علی عظمت نے یہ بھی بتایا کہ بائیک پر یورپ کا 22 سے 23 دن کا یہ سفر 12000 کلومیٹر پر مشتمل ہے۔ امید ہے کہ ہمیں اس سفر کے دوران موسم خوشگوار ملے گا لیکن کچھ جگہوں پر کافی سردی بھی ہوگی۔ میں یہ سفر اپنے لیے کر رہا ہوں اور اس دوران میں روزانہ کی بنیاد پر تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرتا رہوں گا تاکہ میرے ساتھ ساتھ میرے مداح بھی اس سفر سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔گلوکار نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگ دعاؤں میں یاد رکھیں تاکہ میں یہ سفر بحفاظت مکمل کر سکوں۔