اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہے کہ اگر ڈیلی میل کی خبر درست نہیں تو مریم اورنگزیب یو کے کہ ڈیفیمیشن قوانین کے مطابق اخبار کو ”سو“کر دیں انہوں نے پاکستان تو کیا لندن کے ٹیکس پیر کو بھی نہیں چھوڑا۔ایک بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ منی لانڈرنگ اور کرپشن کا دور ختم، عمران خان پاکستان کو بہترین راستے پر لے جا رہے ہیں آنے والا وقت غریب کا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایون فیلڈ اور سرے محل میں آف شور اور ڈریلنگ کروائی جائے بڑا ملکی خزانہ وہاں پڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان سلیکٹڈ ہیں پاکستانی عوام کی جانب سے وہ پاکستانیوں کی نمبرون چوائس ہے جو ملکی تاریخ کی واحد شخصیت ہیں جو پانچ سیٹس پر الیکٹ ہوئے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے حلال کی کمائی پاکستان منتقل کی،انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ پانامہ پر آواز اٹھانے کے بعد عمران خان نے سپریم کورٹ میں 60 ڈاکومنٹ جمع کروائے، 40 سالہ پرانا ریکارڈ پیش کیا ایک ایک چیز کی منی ٹریل دیں اور عدالت سے سرخرو نکلے جبکہ شریفوں اور زرداریوں نے پاکستان سے غریب کا پیسہ چوری کرکے باہر اربوں کی جائیدادیں بنائیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ڈاکومنٹ بھی اپنی صفائی میں پیش نہ کر سکے بلکہ جو ٹرسٹ ڈیڈ اور قطری خط دیا وہ بھی جعلی تھے۔دریں اثناء وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے برطانوی اخبار کے شہباز شریف بارے دعویٰ پر شریف خاندان کو بڑا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی اخبار کے انکشافات کے بعد نون لیگ کا ردعمل ہر لحاظ سے پانامہ لیکس کے ردعمل سے مماثلت رکھتا ہے۔ ایک بیان میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہاکہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ہوئیں تو قوم نے سچ کو جھوٹ سے یکسر الگ ہوتے دیکھا۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کی اولاد میں سے جسے شوق ہے عدالت سے رجوع کرلے،سچ سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میرا چیلنج ہے کہ یہ بالکل ایسا نہیں کریں گے۔