لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت تاجر برادری میں دھڑے بندی بناکر ہڑتال کو ناکام کرنا چاہتی ہے،ابھی تک کئی تاجر رہنما غائب ہیں جن کے بارے میں معلوم نہیں وہ کہاں ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی زبانیں بند کرنا چاہتی ہے،ہارس ٹریڈنگ کے ماسٹر مائنڈز نے تاجروں میں گروپ بندی بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں حکومتی ٹولہ انہی تاجروں کے مسائل کے نام پر سیاست کررہا ہے،
آٹے پر 17فیصد سیلز ٹیکس غریب کے منہ سے نوالہ چھینے کے مترادف ہے۔اکستان کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بار روٹی 12اور نان 20روپے کا ہوگیا ہے۔آج وہ لوگ کہاں گئے جو کہتے تھے روٹی کی قیمت میں اضافہ ہواتو سیاست چھوڑ دوں گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بھکاری حکومت دنیا بھر سے بھیک مانگنے کے باوجود صنعتکاروں اور تاجروں کا خون نچوڑ رہی ہے،نالائق حکومت نے نائی،حلوائی،بیوٹی پارلر،پرچون سمیت ہر طبقے کے تاجروں پر ٹیکس لگادئیے ہیں،اپوزیشن کی تمام ہمدردیاں تاجر برداری کے ساتھ ہیں۔