کو ئٹہ (این این آئی)وزیراعظم آفس سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مراسلہ شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار صوبائی حکومت نے کل 4791میں سے صرف 800شکایات حل ہوئیں جبکہ 1152زائد المیعاد ہوچکی ہیں، تفصیلات کے مطابق پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ وزیر اعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد نے چیف سیکرٹری کو ایک مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ
بلوچستان کے سرکاری افسران و دیگراہلکار شکایات کے ازالے میں کوتاہی برت رہے ہیں تمام صوبوں میں بلوچستان شکایات کے ازالے میں سب سے پیچھے ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کی مانیٹرنگ کیلئے وزیراعظم مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جہاں تمام صوبوں کی کارکردگی کو جانچا جارہا ہے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے ازالے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً وزیر اعظم پاکستان کو آگاہ کیا جارہا ہے۔مراسلے کے مطابق بلوچستان حکومت نے کل 4791 شکایات میں 800 شکایات حل کی ہیں جو کہ محض17فیصد بنتا ہے اسی طرح 4791میں 1152شکایات زائدالمیعاد ہیں جو 24فیصد بنتی ہیں صوبہ بلوچستان میں سرکاری دفاتر کو 53پورٹل اکاؤٹنس دیئے گئے ہیں جن میں 41اکاؤنٹس کی کارکردگی صفر ہے سرکاری افسران و دیگر اہلکاروں کی آسانی کیلئے ان کو گائیڈ لائن بھی مہیا کی گئی ہے،لیکن پھر بھی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔مراسلہ میں چیف سیکرٹری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کرنا اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا وزیراعظم پاکستان کا مشن ہے،سرکاری افسران و اہلکار عوام کی خدمت کریں، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔