اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر چیمہ نے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم آخری موقع ہے ان لوگوں کے لئے جنھوں نے ابھی تک اثاثے یا پیسہ ڈکلیئر نہیں کیا،اسکیم کے خاتمے کے بعد کوئی بہانہ نہیں چلے گا اور بے نامی جائیداد یا اکاؤنٹ بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے اصلاح پر آمادہ افراد کی سہولت کیلئے انتہائی اہم موقع دیا ہے۔عمر چیمہ نے کہاکہ اسکیم کی مدت ختم ہونے کے بعد حکومت اپنی کارروائی کرے گی۔عمر چیمہ نے کہاکہ ریڑھی اور فالودے والوں کے نام پر کھولے گئے سارے کھاتے اور
اثاثے بحق سرکار ضبط ہوں گے۔عمر چیمہ نے کہاکہ پھر نہ کہنا انتقامی کاروائی ہو رہی ہے، آخری موقع ہے اپوزیشن لیڈرز واویلا اور بے جا تنقید کی بجائے اپنے بے نامی اثاثے ظاہر کر دیں۔انہوں نے کہاکہ ورنہ سب بے نامی اثاثے اور پیسہ بحق سرکار ضبط ہو جا ئیگا۔انہوں نے کہاکہ عادی مجرموں کے صرف اثاثے ہی ضبط نہیں ہوں گے بلکہ انکا محاسبہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو معاشی بیچارگی سے نکالنا ہے تو چور بازاری کا کلچر ختم کرنا ہوگا۔عمر چیمہ نے کہاکہ غریبوں کی ہمدردی کی آڑ میں لوٹ مار اور کالے دھن کے ڈھیر لگانے والوں سے مزید رعایت نہیں برتی جاسکتی۔