اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ڈالر مزید مہنگا اور روپے کی قدر میں کمی پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران صاحب نے جتنے بڑے بڑے جھوٹ بولے، ڈالر کی قیمت بھی اتنی ہی اوپر جا رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے جھوٹ کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا، ڈالر کی پرواز بھی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے اثرات بد سامنے آنا
شروع ہوگئے،اس کے اثرات دیکھ کر عنقریب قوم مطالبہ کرے گی کہ عمران صاحب خودکشی ہی کرلیتے تو ملک وقوم کے لئے زیادہ بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ہر محب وطن کو دکھ اور دلی رنج ہے کہ روپے کی قدر آج 2روپے 25پیسے مزید کم ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ دلی رنج ہے کہ قوم پر مزید بدترین مہنگائی کا عذاب آئے گا، ان کی عید کی خوشیاں چھین لی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ قوم دیکھ لے کہ آئی ایم ایف معاہدہ حکومت نے قوم اور پارلیمنٹ سے کیوں چھپایا تھا۔انہوں نے کہاکہ نو ماہ بعد مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی سکیم کی نقل کی، وہی علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو فائدہ۔انہوں نے کہاکہ چور دروازے سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہوئے، ویسے ہی چور دروازے سے ایمنسٹی سکیم لائی گئی۔انہوں نے کہاکہ چور دروازے سے ڈیل کا مقصد یہ ہے کہ عوام پر پڑنے والے بوجھ کو چھپایا جائے۔انہوں نے کہاکہ چندہ چور، جعلی اکاؤنٹس ہولڈر بے نامی دار سلیکٹڈ وزیراعظم ایمنسٹی کے ڈیٹرجنٹ سے اجلے ہونے کی کوشش میں ہیں۔چندہ چور، جعلی اکاؤنٹس ہولڈر بے نامی دار سلیکٹڈ وزیراعظم ایمنسٹی کے ڈیٹرجنٹ سے اجلے ہونے کی کوشش میں ہیں عوام کی چیخیں حکومت کی پالیسی کے مطابق نکل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ آئی ایم ایف ڈیل کے اثرات قوم کو ٹی وی کے ذریعے پتہ چلیں گے۔انہوں نے کہاکہ دلی دکھ اور رنج ہے کہ لوگ اپنے بچوں کو عید پر نئے کپڑے دینے سے بھی مجبور ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قوم رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ سے ملک وقوم پر آئی مصیبت سے نجات، رحم کی التجاء کی خصوصی دعائیں کرے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی ایمنسٹی لینے والوں کو آپ نے چور قرار دیا، جیلوں میں ڈالنے کی دھمکیاں دی تھیں، ان بڑھکوں کا کیا ہوا؟۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب بتائیں اب کن چوروں کے لئے سکیم لائے ہیں اور کتنے جیل بھجوا چکے ہیں؟۔