کراچی (این این آئی) پاکستان کے گہرے سمندر میں کیکڑا ون آف شور بلاک میں ڈرلنگ کاعمل مکمل کرلیا گیا۔تیل و گیس کے ذخیرے کے حجم کے تخمینے کیلئے ٹیسٹنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ کیکڑا ون میں طے شدہ 5 ہزار 470 میٹرگہرائی تک ڈرلنگ کاعمل مکمل کرنے کے بعد 7ویں لائن انفلو میں تیل وگیس کی مقدار کے تخمینے کیلئے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹنگ کا عمل دو سے تین روز کے دوران
مکمل کرلیا جائے گا جبکہ تیل وگیس کی مقدار کی مکمل رپورٹ ایک ہفتے میں تیار کرلی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل وگیس کے بڑے ذخائر کی موجودگی کی رپورٹ کی تصدیق ہونے پرانفراسٹرکچر بنانے کا کام شروع کیا جائے گا۔ ڈرلنگ کے منصوبے پر ایگزون موبل،ای این آئی، پی پی ایل اور اوجی ڈی سی ایل کام کررہی ہیں۔منصوبے کی ڈرلنگ پر 10کروڑ 13لاکھ ڈالر کی لاگت آئی ہے جو کمپنیوں نے اپنے وسائل سے خرچ کئے ہیں۔