اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانے پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں،بلاول اندرون سندھ میں ایڈز سے متاثرہ سسکتے افراد اور خاندانوں کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے؟۔ بدھ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کی میڈیا ٹاک پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
بلاول آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں، سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانے پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بلاول اندرون سندھ میں ایڈز سے متاثرہ سسکتے افراد اور خاندانوں کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے؟۔انہوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے دیے گئے اربوں روپے ہضم کرکے ڈکار تک نہ لینے والے وفاق سے کس بات کا گلہ کر رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہاکہ لانچوں اور گھروں سے جو پیسہ برآمد ہوا وہ قوم کا پیسہ ہے۔ اسے واپس کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کی تاک میں رہتی ہیں، جس کا پہلے داؤ لگ جائے دوسرا روتا رہتا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹو کے چیئرمین پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے حوالے سے بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اعلی اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے قابل اور ذہین پاکستانیوں پر اپنے ملک کے دروازے بند نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کے نئے پاکستان میں صلاحیتوں کی قد رکی جاتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بلاول جواب دیں کہ ان کا اور ایان علی کا مشترکہ اکاونٹ کیا حسن اتفاق ہے؟۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بے دردی سے قوم کو لوٹنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں،انہوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لییبھوک, بیماری اور بیروزگاری کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ نوجوان نسل سے تعلق ہونے کے ناطے قوم کو آپ سے نئی سوچ کی توقع تھی مگر افسوس کہ آپ نے خود کو کرپشن کے دفاع پر مامور کر لیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بھٹو کا وارث بننے کے لئے آپ کو کرپشن سے ناطہ توڑنا ہو گا۔