گوجرانوالہ (این این آئی) چین سے بھاگ کر واپس گوجرانوالہ پہنچنے والی لڑکی نے تنسیخ نکاح کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق چینی شہریوں کا پاکستانی لڑکیوں سے شادی کا معاملہ مزید وسعت اختیار کر گیا ہے۔ گوجرانوالہ کے علاقے فتومنڈ کی رہائشی لڑکی ربیعہ شوہر کے تشدد سے تنگ آکر چین سے بھاگ کر پاکستان آگئی ہے تنسیخ نکاح کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ربیعہ نے درخواست سینئر سول جج شبانہ حمید کی عدالت میں دائر کی ہے۔ربیعہ نے یکم جنوری 2019 کو
چینی باشندے ژانگ شو چن سے شادی کی تھی، ربیعہ نے درخواست میں کہا کہ چین لے جاکر ژانگ شو چن تشدد کرتا تھا۔متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستانی ایمبیسی کے ذریعے پولیس سے رابطہ کیا، چینی پولیس کی مدد سے گوجرانوالہ واپس پہنچی ہوں۔ربیعہ کی والدہ کے مطابق رشتہ محلے دار کرسچن خاتون نے طے کرایا تھا، شادی کے بعد ربیعہ چین چلی گئی تھی۔ربیعہ کی والدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی لڑکیوں پر ظلم کرنیوالے چینیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔