لاہور (این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی،جس میں راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی پنجاب کے شہروں کے ریلوے سٹیشنوں کی تزئین و آرائش کے بارے میں گفتگو ہوئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز بروقت جار ی کئے جائیں گے۔عرصہ دراز سے نظر انداز ہونے والے منصوبوں بشمول لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ پر جلد از جلد کام کے آغاز کیلئے کوشاں ہیں۔جڑواں شہروں کے
شہریوں کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوامی فلاح کے منصوبوں پرشفاف طریقے سے خرچ کیا جائے گا۔راولپنڈی میں بین الاقوامی معیار کے ہسپتال کیلئے تعمیراتی کام کا دوبارہ آغازکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں مفاد عامہ کے منصوبوں کو ماضی میں سیاسی بنیادوں پر التواء میں ڈالا گیالیکن تحریک انصاف کی حکومت نے مفاد عامہ کے پیش نظر ا ن منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کیا ہے۔ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔