کولمبو( آن لائن )سری لنکا کے انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملوںسے قبل بھارت نے بھی سری لنکن حکام کو دہشت گردوں کے ممکنہ خطرات کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں سلسلہ وار نصف درجن بم دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زاید افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بھارتی حکومت کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعے سے دو گھنٹے قبل بھارتی انٹیلی جنس حکام نے سری لنکن حکام
کو دہشت گردی کے بارے میں مطلع کیا تھا۔ادھرسری لنکا کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام نے ہفتے کی شام بھی سری لنکا کو ایسٹر پر دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ اس طرح بھارتی انٹیلی جنس حکام نے چار اور 20 اپریل کو بھی سری لنکن حکام کو دہشت گردی کے خطرات کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ذرائع کے حوالے سے سامنے آنیوالی اس خبر کے بعد سری لنکا اور بھارتی وزارت خارجہ نے اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔