کولمبو (این این آئی)سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو میں مسیحی برادری کے بڑے تہوار ایسٹر کے موقع پر تین گرجا گھروں اور ایک ہوٹل میں چھ بم دھماکوں کے بعد 50 افرادہلاک اور250سے زائد زخمی ہوگئے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکن حکام نے بتایاکہ
کوچھی کاڈے، کٹواپٹیا اور بٹی کالوا میں تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دارالحکومت کولمبو میں تین ہوٹلوں دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری کو نشانہ بنایا گیا ۔ حکام کے حوالے سے مرنے والوں کی تعداد 50 بتائی گئی ہے ،جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں لوگوں کو زخمی دیکھا جا سکتا ہے۔ زخمیوں کو دارالحکومت کولمبو کے ہسپتالوں میں داخل کردیاگیا۔سوشل میڈیا پر یہ بات کہی جا رہی ہے کہ کم از کم چھ بم دھماکے ہوئے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یہ دھماکے ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کے دوران ہوئے اور یہ تہوار مسیحی برادری کے بڑے تہواروں میں شامل ہے جو گڈ فرائیڈے کے بعد آنے والے اتوار کو ہوتا ہے۔ایشون ہیمنتھاگما نامی ٹوئٹر صارف نے دھماکے کے بعد کی کئی تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ سری لنکا میں چھ دھماکے ہوئے ، دو دھماکے کوچھی کاڈے میں سینٹ اینتھونی کے چرچ اور نیگومبو کٹواپٹیا چرچ میں ہوئے۔ دو دھماکے کنگز بری ہوٹل اور کولمبو کے شینگریلا ہوٹل میں ہوئے جبکہ دو دھماکے کی بٹیکلاؤ سے اطلاعات ہیں۔حکومت کے ایک وزیر مانو گنیشن جو متعدد دھماکوں کے بعد ایک دھماکے کی جگہ پر پہنچے جہاں انھوں نے اس واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ۔سری لنکا کی میڈیا میں اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں بیرون ممالک کے سیاح شامل ہو سکتے ہیں۔ابھی تک کسی نے بھی ان بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔