لاہور(این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کی پالیسیاں معیشت کو تقویت دینے کی بجائے مزید بیگاڑ کا باعث بن رہی ہیں ،خوف و ہراس کی وجہ سے مقامی سرمایہ کار بھی محتاط ہو گیا ہے جس سے بیروزگاری کی شرح میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔
آئی ایم ایف سے پروگرام شروع کرنے سے قبل معاہدے کے نکات سے آگاہ کیا جائے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت اپنی سمت کا تعین نہیں کرے گی نتائج حاصل نہیں کئے جا سکتے ۔ حکومت کے اپنے وزراء اور مشیر ہر لمحے مایوسی پھیلانے کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں ایسے میں سرمایہ کارکیوں آگے آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب اور ٹیکس چوروں پر گرفت کرنے کے خلاف نہیں لیکن حکومت کی ہر لمحے بدلتی پالیسیاں سمجھ سے بالاتر ہیں ۔ معیشت کے ساتھ ہر روز تجربات کئے جارہے ہیں جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا حکومت کی اقتصادی ٹیم آج تک ایسی پالیسی نہیں دے سکی جس سے معیشت کو تقویت ملے بلکہ مختلف شعبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری واپس نکالی جارہی ہے جس سے بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے حکومت خود گو مگو کا شکار ہے ۔ آئی ایم ایف سے پروگرام شروع کرنے سے قبل معاہدے کے نکات سے آگاہ کیا جائے کہ کن بنیادوں پر قرض حاصل کیا جارہا ہے ۔