لاہور(نیوزڈیسک)زمبابوے کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے کئی ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کرتے ہوئے بھارتی ٹیم سے بھی ریکارڈ چھین لیا۔قذافی اسٹیڈیم میں چھ سال کے طویل عرصے کے بعد ملک میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں نے ایک منفرد اعزاز اپنے نام کیا۔میچ میں پاکستان کے ابتدائی بلے بازوں کپتان اظہر علی، محمد حفیظ، شعیب ملک اور حارث سہیل نے بالترتیب 86، 79، 112 اور ناقابل شکست 89 رنز اسکور کیے۔یہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ کسی ٹیم کے ابتدائی چاروں بلے بازوں نے 70 سے زائد رنز اسکور کیے ہوں، اس سے قبل کسی بھی ٹیم نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا۔پاکستان نے میچ میں 375 رنز کا مجموعہ بنا کر ہندوستانی ٹیم سے پاکستان میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ چھین لیا۔اس سے قبل ہندوستان نے 2008 ءکے ایشیا کپ میں ہانک کانگ کے خلاف میچ میں 374 رنز بنا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔پاکستان کی جانب سے پہلے میچ میں بنایا گیا مجموعہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بنایا گیا دوسرا بڑا مجموعہ ہے۔ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 385 ہے جو اس نے 2010 ءکے ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف بنایا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک روزہ کرکٹ میں پہلا موقع تھا جب پاکستان کی جانب سے کسی میچ میں 150 رنز سے زائد کی دو شراکتیں قائم کی گئی ہوں۔اظہر علی اور محمد حفیظ کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے 170 جبکہ شعیب ملک اور حارث سہیل کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 201 رنز کی ساجھے داری قائم ہوئی تھی۔