کابل(آن لائن)افغانستان کے معروف میوزک ریئلٹی شو ’افغان اسٹار‘ کا مقابلہ پہلی بار ایک خاتون نے جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔’افغان اسٹار‘ افغانستان کے ’طولو ٹی وی‘ پر نشر ہوتا ہے، جو ملک کا سب سے بڑا اور معروف میوزک ریئلٹی شو ہے۔اس شو کا آغاز 2005 میں کیا گیا تھا اور رواں برس اس کا 14 واں سیزن پیش کیا گیا اور اس کا فائنل گزشتہ روز ہوا۔’افغان اسٹار‘ کے مقابلے میں افغانستان بھر کے نئے گلوکار حصہ لیتے ہیں اور مقابلہ جیتنے والے گلوکار کے ساتھ معاہدے کے تحت نئے گانے ریلیز کیے جاتے ہیں۔
اس مقابلے کو جیتنے والے اب تک کے گلوکار افغانستان کی میوزک انڈسٹری میں اپنا مقام بنا چکے ہیں۔اگرچہ ’افغان اسٹار آئیڈول‘ میں پہلے بھی خواتین حصہ لیتی رہیں اور وہ فائنل تک پہنچتی رہیں، تاہم کوئی بھی خاتون اس مقابلے کو جیت نہیں پائی تھیں۔پہلی بار افغانستان کی 20 سالہ زہرا الہام نے ’افغان اسٹار‘ کا مقابلہ جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔’افغان اسٹار‘ کے آخری مراحل میں زہرا الہام سمیت 2 خواتین فائنل ہوئی تھیں اور ان کے مقابلے فائنل ہونے والے لڑکوں کی تعداد 4 سے زائد تھی۔