ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں زکوٰۃ وآمدن اتھارٹی کی طرف سے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی گئی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے بنکوں میں زکوٰۃ کی شرح10 سے بڑھا کر 20 فی صد کر دی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق زکوٰۃ کونسل کی طرف سے ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ نجی شعبے میں زکوٰۃ کی شرح میں اضافے کا کوئی پلان زیر
غور نہیں ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ زکوٰۃ کونسل ملک میں اقتصادی شعبے کی معاونت، نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول فراہم کرنے اور ویڑن 2030ء کو عملی شکل دینے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ امریکا کی بلومبرگ نیوز ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ ایک خبر میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے بنکوں میں موجود رقم میں زکوٰۃکی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔