چین میں بدعنوانی کے خلاف تنبیہ کے طور پر درجنوں حکومتی عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کو جیل کی سیر کروائی گئی ہے۔ اس دوران ان کی ملاقات کرپشن کے الزام میں قید بھگتنے والے سابقہ سرکاری عہدیداروں سے بھی کروائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی صوبے ہوبائی میں کمیونسٹ پارٹی کے ستّر رہنما، سینیئر افسر اور اُن کے شریکِ حیات شہر کی مقامی جیل کی ’سیر‘ پر گئے، جہاں اُن کی ملاقات سابقہ اہلکاروں سے کروائی گئی۔ اخبار کے مطابق ایک طرح کی تعلیمی و تربیتی تنبیہ کے طور پر ان تمام افراد نے اپنا پورا دِن اس جیل میں گزارا۔ واضح رہے کہ دو سال سے زیادہ عرصہ قبل برسرِاقتدار آنے والے صدر شی جِن پنگ نے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کو اپنی اولین ترجیح بنا رکھا ہے۔




















































