بیجنگ(نیوزڈیسک) چین کے امیر ترین آدمی کو ایک گھنٹے میں 15بلین ڈالر کا جھٹکالگ گیا۔ لی ہی ژون سولر پینل فرم ہینرجی کے چیئرمین ہیں۔ لی ہی ژون کو اس وقت بیٹھے بٹھائے 15بلین ڈالر کا نقصان ہو گیا جب ہانگ کانگ سٹاک مارکیٹ میں اس کی کمپنی کے شیئرز کی قیمت 47فیصد تک گر گئی۔حصص کی قیمت میں کمی سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں 18.6بلین ڈالر کمی واقع ہوئی۔قیمت میں نمایاں کمی کے بعد کمپنی نے اپنے حصص کی فروخت بند کر دی، اس حوالے سے تاحال کمپنی کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ لی کے پاس کمپنی کے 80فیصد شیئرز ہیں۔لی نے آج کمپنی کے شیئرہولڈرز کی سالانہ میٹنگ منعقد کروانا تھی، وہ میٹنگ بلانے میں ناکام رہے اور یہ ناکامی کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں گراوٹ کی وجہ بن گئی۔کمپنی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ مجھے اس معاملے سے متعلق کوئی علم نہیں، میں کمپنی کی طرف سے بیجنگ میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے آیا ہوا ہوں۔کمپنی کی طرف سے اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہ آنے کی وجہ سے مارکیٹ میں تذبذب کی سی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے ایک امریکی فرم بیسپوک انویسٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ہینرجی کے شیئرز کی قیمت میں کمی کی کہانی کسی کی سمجھ میں نہیں آ رہی۔