اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈ میں دنیا بھر سے رقوم جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے، 31 جنوری 2019ء تک نو ارب، 60 کروڑ، 29 لاکھ روپے جمع ہو چکے ہیں، بیرون ممالک سے سب سے زیادہ ڈیم فنڈ کیلئے عطیات امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے جمع ہوئے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کا حصہ 2 ارب روپے سے بھی کم ہے۔ بھارت، افغانستان اور چین سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے ڈیم فنڈ میں عطیات بھیجے، بھارت سے 40 ہزار 3 سو 60،
افغانستان سے ایک لاکھ 27 ہزار اور چین سے دو لاکھ تین ہزار 595 روپے ڈیم فنڈ میں آئے، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے46 کروڑ 5 لاکھ 99 ہزار سے زائد بھیجے، برطانیہ سے 35 کروڑ 12 لاکھ 70 ہزار، سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 10 کروڑ 46 لاکھ جبکہ متحدہ عرب امارات سے 6 کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد رقم ڈیم فنڈ کے لیے آئی، اس کے علاوہ پاکستان میں مقیم شہریوں کی طرف سے مجموعی طور پر 8 ارب 23 کروڑ55 لاکھ 68608 روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروائے گئے۔



















































