اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کسی خاتون کو جب ایک جاذبِ نظرمرد رد کردیتا ہے تو اس کے بعد خاتون کا رویہ دیگر مردوں سے مخالفانہ ہوجاتا ہے اور وہ اپنی جانب بڑھنے والے دوسرے مرد کوبھی مسترد کرسکتی ہے۔کینیڈا میں کی گئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جب کوئی مرد کسی خاتون کا دل توڑدے اوراس کے بعد کوئی دوسرا قدرے کم پرکشش مرد خاتون کے قریب آنے کی کوشش کرے تو خاتون کا رویہ اس سے تلخ ہوجاتا ہے اور وہ اسے مسترد کرسکتی ہے جب کہ تحقیق کے مطابق خواتین اس طرح کا ردعمل شاید اس وجہ سے دیتی ہیں کہ وہ اپنا بلند مقام برقرار رکھنے کی خواہش کے ساتھ پچھلے حادثے کا بھی جواب دینا چاہتی ہیں۔یونیورسٹی آف ٹورونٹو میں کی گئی اس تحقیق میں 126 غیرشادی شدہ خواتین کو شامل کیا گیا جس میں خواتین کو بتایا گیا کہ ہر خاتون کی تصویر اور تفصیلات 2 افراد کو فراہم کی جائیں گی جو اسے دیکھ کر کسی خاتون کو قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے اسی طرح ہر خاتون کو ان 2 مردوں کی تصاویر اور پروفائل بھی دکھائی گئیں جن میں ایک تصویر بہت پرکشش مرد کی تھی اور دوسرا مرد کم پرکشش اور واجبی سا تھا تاہم خواتین کو تحقیق کے مطابق اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ آخر میں کوئی ایک مرد ان سے ملاقات بھی کرے گا۔تحقیق کے بعد تمام خواتین نے پرکشش مرد سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن جب ہر خاتون کو بتایا گیا کہ پرکشش مرد نے ان کو مسترد کردیا ہے لیکن دوسرا کم دلکش مرد ان سے ملنے کی خواہش رکھتا ہے خواتین نے اسے جواباً مسترد کرتے ہوئے ملنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ماہرین کی جانب سے اس تحقیق کے بعد مزید 166 غیرشادی شدہ خواتین پر یہی تجربہ د±ہرایا گیا تو اس کے بھی قریباً ویسے ہی نتائج برآمد ہوئے۔