تہران(آئی این پی) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران،امریکی انتباہ کے باوجود اپنے خلائی منصوبوں کو ملتوی نہیں کرے گا۔یہ بات”محمد جواد ظریف”نے دورہ بھارت کے موقع پر رائٹرز نیوزایجنسی کے ساتھ انٹرویو میں کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلائی منصوبوں پر تحقیقات اور تجربات کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ کسی بھی بین الاقوامی قانون کے تحت یہ پروگرام منع نہیں کیا گیا ہے۔ایرانی
وزیر خارجہ نے کہا کہ 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی اسلامی جمہوریہ ایران کا فی الحال آپشن ہے لیکن یہ ایران کا واحد آپشن نہیں۔تفصیلات کے مطابق حالیہ مہینوں میں امریکہ نے ایران پر قرارداد 2231کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور کہا کہ ایران کی میزائل سرگرمیاں، سلامتی کونسل کی قرارداد 2231کے اصولوں کے خلاف ہے کیونکہ ایران بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتا ہے۔