اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے مسلم لیگ (ن)میں فاروڈ بلاک بنانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت کو کار کر دگی دکھانے کیلئے وقت ملنا چاہیے ٗ حکومت باتیں کم اور کام پرزیادہ توجہ دے ٗمسلم ممالک سے ملنے والی امداد کا سہرا موجودہ حکومت کے سر نہیں ہے۔
ایک انٹرویومیں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خا ن نے پاکستان مسلم لیگ (ن )میں فارورڈ بلاک بنانے کی خبروں کی تردید اور سیاسی سفر جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جودہ حکومت جو آئی ہے یا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے لائی گئی ہے اور کہتے ہیں کہ الیکشن کے ذریعے لائی گئی ہے ،اس حکومت کو کارکردگی دکھانے کے لیے وقت ملنا چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کو بھی سانس لینے کا موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ حکومت باتیں کم اور کام پر زیادہ توجہ دے۔چودھری نثار علی خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح پیغام دینے پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حکومت کا شیلٹر ہوم بنانے کا منصوبہ بھی قابل ستائش ہے۔انہوں نے عمران خان کو غیر روایتی وزیراعظم بننے کا مشورہ دیا جبکہ حالیہ ملنے والی امداد کا کریڈٹ کسی اور کو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مسلم ممالک سے ملنے والی امداد کا سہرا موجودہ حکومت کے سر نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ن لیگ سمیت ہر پارٹی کو مستقبل کی فکر کرنی چاہیے ، فارورڈ بلاک کو معیوب عمل سمجھتا ہوں ،میں نے کبھی بھی ایسا کرنے کی کوشش نہیں کی۔چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان کا شیلٹر ہوم منصوبہ اچھا ہے ،نواز شریف کو پانچ سال تک شیلٹر ہوم بنانے کے لیے قائل کرتا رہا لیکن بد قسمتی سے اس پر عمل نہ ہو سکا۔