لاہور(این این آئی )تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات پر ڈیڈ لاک ختم ہونے اور پاکستان کی طر ف سے آئی ایم ایف کے مطالبا ت پر بجلی مہنگی کرنے اور ٹیکس ٹارگٹ بڑھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیل آؤٹ پیکیج کے تحت بجلی پہلے ہی مہنگی کردی گئی ہے جبکہ ٹیکس ٹارگٹ 4400ارب روپے سے بڑھا کر4700ارب تک
لایا جائے گا جس سے ملک میں ہوشربا مہنگائی جنم لے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطالبہ پر پہلے ہی بجلی 1روپے27پیسے فی یونٹ اضافہ کردیاگیا ہے ۔جبکہ مہنگی بجلی اور ٹیکسوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ متاثر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے سے صنعتی شعبہ کی پیداواری اخراجات میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور ملک میں ہوشربا مہنگائی کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات بھی متاثر ہونگی ۔