اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عام طور پر خواتین خاوندوں کی بے وفائی اور بدمزاجی سے تنگ آکر طلاق کا مطالبہ کرتی ہیں لیکن مصر میں ایک دوشیزہ نے خاوند کے حد سے زیادہ شائستہ اور وفادار ہونے پر طلاق کا مطالبہ کردیا۔اخبار ”البیان“ کے مطابق خاتون نے قاہرہ کی ایک فیملی کورٹ میں بتایا کہ شادی سے پہلے اس کا خاوند کھلنڈرا اور توانائی سے بھرپور تھا لیکن شادی کے بعد اس نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی اور نہ ہی راتیں باہر گزارتا ہے۔ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے سخت گیر والد سے نجات پانے کے لئے ایک آزاد مزاج شخص کے ساتھ شادی پر تیار ہوئی تھی لیکن وہ نہ خود سارا دن باہر نکلتا ہے اور نہ اسے گھومنے پھرنے کا موقع دیتا ہے۔خاتون نے اپنی تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”میں دو سال تک اس شادی کو برداشت کرچکی ہوں لیکن اب افسردگی اور ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں عدالت سے درخواست کررہی ہوں کہ مجھے طلاق دلوائی جائے۔“ عدالت نے مفاہمت کی تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد طلاق کا حکم جاری کردیا۔