پشاور(آئی این پی ) نیب نے مالم جبہ زمین لیز کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو کلین چٹ دے دی،محمود خان نے کہا کہ مالم جبہ زمین لیز میں کسی بھی کاغذ پر میرے دستخط نہیں، اراضی کی لیز کا مجھے معلوم نہیں تھا، نیب آفس میں یہ میری پہلی اور آخری پیشی تھی، نیب نے مجھے کلین چٹ دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق نیب نے مالم جبہ اراضی لیز کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نیب نوٹس
کے مطابق پیش ہوگئے جب کہ سینئر وزیرعاطف خان پیش نہ ہو سکے۔ نیب حکام نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے کیس کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمود خان نے کہا کہ مالم جبہ زمین لیز میں کسی بھی کاغذ پر میرے دستخط نہیں، اراضی کی لیز کا مجھے معلوم نہیں تھا، میری وزارت تبدیل ہو گئی تھی، نیب آفس میں یہ میری پہلی اور آخری پیشی تھی، نیب نے مجھے کلین چٹ دے دی ہے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ تفتیش کے دوران نیب کی جانب سے مجھے کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا۔