راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 15 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جبکہ 20 دہشت گردوں کو قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گرد مسلح افواج، سیکیورٹی اداروں اور تعلیمی اداروں پر خونریز حملوں میں ملوث تھے ،جن کی کارروائیوں کے نتیجے میں 34 افراد شہید ہوئے جبکہ شہدا میں سے 21 کا تعلق مسلح افواج سے تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملوں میں
شہید ہونے والوں میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 9، پولیس کے 2 اور 2شہری بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں پر خصوصی فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلایا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جبکہ ان میں کرسچین کالونی پشاور حملے میں ملوث دہشت گرد بھی شامل تھے،دہشت گردوں نے دوران ٹرائل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا۔