ممبئی (این این آئی) بھارت کے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی نے اپنی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کے موقع پر5 ہزار سے زائد معذور اور محروم بچوں کو تقریب میں مہمان خصوصی بناکر مثال قائم کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی سے قبل تقریبات کا آغاز بھارت کے شہر اْدے پور میں ہوگیا ہے۔گزشتہ روز ایشا امبانی کی ’انا سیوا‘ نامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مکیش امبانی نے شہر کے 5 ہزار 1 سو معذور اور محروم بچوں کو بطور
مہمان خصوصی مدعو کیا اور انہیں کھانا کھلایا۔مکیش امبانی نے اہلیہ، بیٹی اور ہونیوالے داماد کے ہمراہ خیراتی ادارے کا دورہ کیااور وہاں تمام لوگوں کیساتھ وقت گزارا، خصوصاً بچوں کیساتھ وہ کافی گھل مل گئے اور اْن کی احوال پرسی اور حوصلہ افزائی کی اور صرف یہی نہیں بلکہ اپنے ہاتھوں سے اْنہیں کھانا بھی پیش کیا۔واضح رہے 27 سالہ ایشا امبانی اور ارب پتی صنعتکار کے بیٹے آنند پیرامل کی شادی منگل کو ممبئی میں ہوگی ۔مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کے ایک دعوتی کارڈکی قیمت5لاکھ روپیہ ہے۔