اسلام آباد (آن لائن) راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب 29 مئی بروز جمعہ شام چار بجے کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔ افتتاحی تقریب اور سیکیورٹی انتظامات پر پانچ کروڑ روپے لاگت متوقع ہے سیکیورٹی کی ذمہ داری آر پی او راولپنڈی وصال فخر سلطان راجہ کے سپرد کر دی گئی ۔ راولپنڈی اسلام آباد کے میٹروبس منصوبے کے ایک اعلی آفیسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر آن لائن کو منصوبے کے افتتاح کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چونکہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے اور اب صرف نوک پلک درست کی جا رہی ہے ۔ اس لئے حنیف عباسی جو کہ میٹروبس منصوبے کے چیئرمین ہیں کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں 29 مئی جمعہ والے دن شام چار بجے کی حتمی تاریخ افتتاح کے لئے منتخب کی گئی ہے ۔ جس کے متعلق وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے اس ذرائع کے مطابق جمعہ کے دن منتخب کرنے کی وجہ مری روڈ کے تاجروں کی چھٹی کا دن ہوتا ہے جبکہ مری روڈ پر جمعہ کے دن ٹریفک کا دباﺅ بھی کم ہوتا ہے اور جمعے کی نماز کے بعد مری روڈ کے افتتاحی حکام کو عام ٹریفک کے لئے بند رکھا جائے گا جبکہ سیکورٹی کی ذمہ داری آر پی او راولپنڈی فخر سلطان راجہ کے سپرد کی گئی ہے جن کی معاونت ایس ایس پی آپریشن کرامت اللہ ملک کریں گے اور اس حوالے سے ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ سیکیورٹی کو مزید بہتر کرنے کے لئے افتتاح کے مقام پر واک تھرو گیٹ لگانے کے علاوہ سراغ رساں کتوں کی مدد سے علاقے کو چیک کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب کے مہمانوں کے لئے پاسزز راولپنڈی ، اسلام آباد کی سپیشل برانچز جاری کریں گی اور ان مہمانوں میں میڈیا کے نمائندے ، اہم قومی تاجروں کے علاوہ غیر ملکی مہمانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اس منصوبے کا افتتاح کریں گے اور وزیر اعظم و وزیر اعلی کی آمد سے ایک گھنٹہ قبل مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا جائے گا ۔ ذرائع نے مزید دعوی کرتے ہوئے کہا کہ 24 سیٹشنوں پر مشتمل راولپنڈی ، اسلام آباد میٹروبس منصوبے کی تزئین و آرائش و سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد پر 5 کروڑ روپے کے اخراجات کا امکان ہے ۔