لاہور(نیوزڈیسک)ریڈیو پاکستان کی مسلسل گرتی ہوئی مالی حالت بہتر بنانے کی غرض سے آئندہ مالی سال سے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ریڈیو فیس لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا،تیار کی جانے والی سمری ایک دو روز میں ایوان وزیر اعظم ارسال کر دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کئی سال قبل پاکستان ٹیلی وژن کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے ملک بھر کے بجلی صارفین کے بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی لائسنس کی فیس ادا کرنے کی پالیسی بنا کر اس پر عمل درآمد کروایا گیا جو کہ تاحال جاری ہے۔ تاہم اب حکومت نے ریڈیو پاکستان کی روزانہ کی بنیاد پر گرتی ہوئی ساکھ کو سنبھالا دینے کی غرض سے اس کے ماہانہ اور سالانہ آمدن کا گراف بہتر بنانے کی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے پیش نظر آئندہ مالی سال 2015-16سے ملک بھر میں خریدی جانے والی نئی گاڑیوں کے مالکان کو رجسٹریشن بک اسی وقت جاری ہو گی جب وہ رجسٹریشن کرواتے وقت ریڈیو پاکستان کی سالانہ 5000روپے فیس بھی ادا کر دیں گے۔ذرائع نے بتا یا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے اصولی فیصلہ کر چکی ہے اور اسکی سمری منظوری کے لئے جلد وزیر اعظم کو ارسال کر دی جائےگی